منگلورو:22/نومبر (ایس او نیوز) کالے دھن کے کالے لوگوں کی نیند حرام کرنےکی بات کرنےو الے مودی غریبوں کی نیند حرام کررکھی ہے۔ یہ بات مینگلور میں وزیرا علیٰ سدرامیا نے کی ہے۔ سدارامیا نے موجودہ مرکزی حکومت کو تغلق دربار کہتے ہوئے مودی کی کڑی تنقید کی اور کہا کہ نوٹوں کو کالعدم قرار دینے کے پیچھے بھی یہی کام کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن کو روکنے کی کانگریس مخالفت نہیں کرتی بلکہ بی جے پی سرکار کو چاہئے تھا کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اس کا م کا بیڑا اُٹھاتی۔ مگر انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
سدارامیا مینگلور کے نہرو میدان میں نصب کردہ نہر و مجسمہ کا اجراء کرنے کے بعد ضلعی کانگریس کی طرف سے منعقدہ اندراگاندھی جنم شتابدی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ساحلی پٹی پر فرقہ پرستوں کی شرپسندی کو روکنے کے لئے کانگریس نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پروگرام تشکیل دیاہے اس کے تحت آگے بڑھا جائے گا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہندوستان کی آئرن لیڈی اندراگاندھی نے ملک کے دلتوں ، پچھڑے طبقات کے سماجی ، معاشی حیثیت کو مضبوط کرنے کے لئے بڑی جدوجہد کی ہے۔ ان کے 100ویں جنم دن پر ریاست کے خودکار خواتین سنگھ کو غیر سودی قرضہ جات دینے کا وزیر اعلیٰ سدرامیانے اعلان کیا۔ اس کے ساتھ کسانوں کے قرضہ جات میں 50فی صد قرضہ مرکزی حکومت معاف کرتی ہے تو بقیہ نصف قرضہ ریاستی حکومت معاف کرنے کے لئے تیار رہنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کے کسانوں کا 45ہزارروپیہ قرضہ ہے، کانگریس پارٹی جدوجہد سے ترقی پانے والی پارٹی ہے، ملک میں تبدیلی ہونا ضروری ہے، اقتدار اور دولت کی تقسیم کا خواب دیکھنے والی اندراگاندھی 20نکاتی پروگرام ، اقلیتوں کی فلاح وبہبودی کے لئے 15نکاتی پروگرام ، بینکوں کے قومیانے کے ذریعے ملک کے غریبوں کو خوداعتمادی کی زندگی دینے والے پروگرام نافذ کئے تھے۔ حالیہ ریاستی حکومت بھی اندراگاندھی کے نقش قد م پر چلتے ہوئے تمام طبقات کو ساتھ لے کر سماجی اور معاشی آزادی دینےکی خواہاں ہے۔